ساؤپالو30جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)برازیل کے ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ ناصر الخلیفی کے زیرقیادت قائم فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جیرمین نے ایک برازیلی فٹ بالر کو بھاری قیمت میں خریدنے کا ایک معاہدہ کیا ہے۔ معاہدے میں اسرائیل کے ایک سابق اسپورٹس صحافی اوربزنس ایجنٹ کا کلیدی کردار ہے۔برازیلی اخبار اسپورٹی اینٹراٹیو نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پیرس سینٹ جیرمین فٹ بال کلب برازیلی فٹ بالر نیمار فور کے ساتھ ڈیل کرانے کے لیے اس کے والد نیمار سانٹوس اور اسرائیلی بزنس ایجنٹ بینی زھاوی کو مشترکہ طور پر 36 ملین یورو کی رقم ادا کرے گا۔ یہ رقم نیمارسانٹوس اور زھاوی نصف کے حساب سے تقسیم کریں گے اور دونوں کو فی کس 18 ملین یورو کی رقم ملے گی۔بینی زھاوی اور نیمار سنٹوس کو یہ رقم برازیلی فٹ بالر کا فرانسیسی کلب کے ساتھ معاہدہ کرانے کی کوششوں کے عوض ادا کی جائے گی۔اس کے علاوہ پیرس سینٹ جیرمین برازایلی کھلاڑی کا بارسلونا سے معاہدہ توڑنے کے عوض کھلاڑی کو 2کروڑ 22لاکھ یور ادا کرے گا۔ اگلے چار سپورٹس سیزن میں اسے سالانہ 30ملین یورواور اس کے والد 100ملین یورو حاصل کریں گے۔اسرائیلی بزنس ایجنٹ زھاوی اور برازیلی نیمار سنٹوس کے ساتھ تعلقات 2011ء میں اس وقت قائم ہوئے تھے جب نیمار برازیلی فٹ ٹیم کا حصہ تھے۔ اس وقت بارسلونا کے چیئرمین سینڈرروسل کو نیمار فور کے والد کو اس کے بیٹے کے ساتھ معاہدے کے لیے بھاری رقم ادا کرنے پر استعفیٰ دینا پڑا تھا۔زھاوی اسرائیل کا ایک معروف بزنس ایجنٹ ہے۔73 سالہ زھاوی کا دفتر تل ابیب میں قائم ہے۔ زھاوی کو اس وقت شہرت حاصل ہوئی تھی جب اس نے اسرائیل کے آوی کوہین کو انگلش لیورپول میں 1979ء میں منتقل کرنے مدد کی تھی۔ اس وقت زھاوی ایک سپورٹس صحافی کے طور پرکام کرتے تھے۔